کراچی سے سسرال آیا داماد جیل پہنچ گیا، شیخ ملتون پولیس پر سوالات اٹھ گئے

مردان: نیو سرخ ڈھیری میں مبینہ سرچ آپریشن کے دوران ایک ایسا عجیب واقعہ سامنے آیا ہے جس نے پولیس کی کارروائی اور کرایہ داری قوانین کے نفاذ پر کئی سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔
مقامی افراد کے مطابق تھانہ شیخ ملتون کی حدود میں پولیس سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن کر رہی تھی، جس کا مقصد مبینہ طور پر غیر رجسٹرڈ کرایہ داروں اور مشتبہ افراد کی جانچ پڑتال تھا۔ اسی دوران پولیس ایک گھر میں داخل ہوئی جہاں کراچی سے آیا ہوا ایک شخص اپنے سسرال میں چند روز کے لیے مقیم تھا۔
اہل خانہ کے مطابق مذکورہ شخص نہ تو کرایہ دار تھا اور نہ ہی گھر میں مستقل رہائش پذیر تھا بلکہ گھر کا داماد اور مہمان تھا، جو کراچی سے اپنی سسرال آیا ہوا تھا۔
خاندان کا کہنا ہے کہ انہوں نے پولیس اہلکاروں کو بتایا کہ مذکورہ شخص ان کا رشتہ دار ہے، اس کا شناختی کارڈ بھی دکھایا اور واضح کیا کہ وہ چند دنوں کے لیے مہمان بن کر آیا ہے۔ تاہم، اہل خانہ کے مطابق پولیس نے ان کی وضاحت قبول نہیں کی اور اسے مبینہ طور پر کرایہ دار قرار دے دیا۔
اہل خانہ کا دعویٰ ہے کہ پولیس نے اس شخص کے خلاف کرایہ داری قانون کے تحت مقدمہ درج کیا اور اسے گرفتار کرکے حوالات میں بند کرنے کے بعد جیل بھیج دیا۔
واقعے کے بعد علاقے میں شہری یہ سوال اٹھا رہے ہیں کہ اگر کوئی شخص اپنے رشتہ دار کے گھر چند روز کے لیے مہمان بن کر آئے تو کیا اسے بھی کرایہ دار تصور کیا جائے گا؟
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ قانون کی پابندی اپنی جگہ ضروری ہے، تاہم کارروائی کے دوران حقیقی کرایہ دار اور چند روز کے لیے آنے والے مہمان کے درمیان فرق واضح ہونا بھی ضروری ہے۔
اہل خانہ نے اعلیٰ پولیس حکام سے واقعے کا نوٹس لینے اور اس معاملے کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ پولیس کا مؤقف اور مقدمے میں عائد دفعات کی تفصیلات تاحال سامنے نہیں آسکیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *