خیبر پختونخوا میں طوفانی بارشیں؛ 170سے زائد اموات، چار اضلاع آفت زدہ قرار، بونیر سب سے زائد متاثر

خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں کلاؤڈ برسٹ، لینڈ سلائیڈنگ اور سیلابی ریلوں نے تباہی مچا دی۔ مختلف حادثات میں اب تک 110 سے زائد افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہو چکے ہیں۔

ریسکیو حکام کے مطابق خیبر پختونخوا کے ضلع باجوڑ کی تحصیل سالارزئی میں گزشتہ رات آنے والے سیلابی ریلے نے گھروں، سڑکوں اور پلوں کو بہا دیا۔ 21 افراد کی لاشیں نکالی جا چکی ہیں جبکہ 7 افراد تاحال لاپتہ ہیں۔

ضلع مانسہرہ کے علاقے بٹگرام میں کلاؤڈ برسٹ سے 7 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ شانگلہ میں ایک شخص زندگی کی بازی ہار گیا۔ پولیس کے مطابق مکانات اور مال مویشیوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔

پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق سب سے زیادہ نقصان ضلع بونیر میں ہوا جہاں 12 سے زائد دیہات شدید متاثر ہوئے۔ صوبے میں اموات کی مجموعی تعداد 110 سے تجاوز کر گئی جبکہ 60 سے زائد افراد زخمی ہیں۔ بونیر، باجوڑ، مانسہرہ اور بٹگرام کو آفت زدہ قرار دے دیا گیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر بونیر کے مطابق صرف بونیر میں 75 اموات ہو چکی ہیں جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ بارش اور طغیانی سے زمینی رابطے منقطع ہونے کے باعث ریسکیو کارروائیاں مشکل میں ہیں۔

آزاد کشمیر میں ندی نالوں میں طغیانی سے ایک ہی خاندان کے 6 افراد سمیت 8 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ گلگت بلتستان میں مختلف حادثات میں 10 اموات ہوئیں۔ آزاد کشمیر میں شدید بارشوں کے باعث تعلیمی ادارے دو روز کے لیے بند کر دیے گئے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *